وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاہور میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے سیفٹی انٹینا نصب کرنے کا حکم

وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاہور میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے سیفٹی انٹینا نصب کرنے کا حکم

مریم نواز شریف نے لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام موٹرسائیکلوں پر سیفٹی انٹینا لگانے کا حکم دے دیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جہاں بسنت کی بحالی اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو تاریخی تہوار بسنت پورے جوش و خروش سے منایا جائے گا، جو ملک میں تقریباً 25 سال بعد دوبارہ منعقد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ بسنت آرڈیننس کے تحت قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ پتنگ بازی کے دوران دھاتی اور کیمیکل ملے دھاگے کے استعمال کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔لاہور میں بڑھتے ہوئے موٹرسائیکل حادثات کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا کہ کل سے موٹرسائیکلوں پر سیفٹی انٹینا نصب کرنے کی خصوصی مہم شروع کی جائے گی اور شہر میں چلنے والی ہر موٹرسائیکل پر سیفٹی انٹینا لگانا لازمی ہو گا۔

 اس مقصد کے لیے ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ٹاسک دے دیا گیا ہے کہ وہ چیکنگ پوائنٹس قائم کریں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بسنت صرف ایک تہوار نہیں بلکہ لاہور کی پہچان ہے، اور "بہار ایک بار پھر ثقافتی شہر لاہور میں واپس لوٹ رہی ہے"۔ ان کا کہنا تھا کہ بسنت کے موقع پر ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد لاہور آئے گی جس کے لیے ہوٹل انڈسٹری، سیکیورٹی اداروں اور بلدیاتی محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور ایمرجنسی سروسز کے لیے جامع پلان تیار کیا جائے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔