پشاور: ڈرون حملوں سے ممکنہ نقصان کم کرنے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس نے تھانوں اور چیک پوسٹوں پر آہنی جالیاں نصب کرنا شروع کردی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حساس تھانوں اور چوکیوں کی چھتوں پر آہنی جالیاں اور بعض مقامات پر مچھلی پکڑنے والے مضبوط جال بھی لگائے گئے ہیں۔ یہ اقدام ڈرون کاپٹرز کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جالیاں نصب کرنے سے ڈرون حملے کی صورت میں ممکنہ نقصان کو کم سے کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ پشاور اور خیبر کے مختلف تھانوں میں بھی حفاظتی جالیاں نصب کردی گئی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران پشاور میں ڈرون کاپٹرز کے 2 حملے کیے گئے، جبکہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران خیبر پختونخوا میں 250 ڈرون حملے ناکام بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے حساس تنصیبات اور اہلکاروں کے تحفظ کے لیے مزید حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔