ترک خاتونِ اوّل امینہ اِردوان کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام جذباتی پیغام

ترک خاتونِ اوّل امینہ اِردوان کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام جذباتی پیغام

ترکی کے صدر رجب طیب اِردوان کی اہلیہ اور ترک خاتون اوّل امینہ اِردوان نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے خصوصی پیغام میں پاکستانی عوام کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ترکی، ہمیشہ کی طرح، مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔امینہ اِردوان نے کہا کہ وہ 2010ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان آئی تھیں اور وہاں متاثرین کی بے بسی اور مشکلات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اُس وقت بھی ترکی اُن اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے بروقت پاکستان کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور آج بھی ترک عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ترک خاتونِ اوّل نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ترک ہلال احمر (ترک ریڈ کریسنٹ) متاثرہ علاقوں میں سرگرمِ عمل ہے اور وہ صحت، رہائش، خوراک اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے بارشوں اور سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کرے تاکہ ہمدردی اور یکجہتی کے جذبے کے ذریعے سیلاب متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکے۔امینہ اِردوان کے اس پیغام کو پاکستانی عوام کی جانب سے نہ صرف سراہا گیا بلکہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کی ایک اور خوبصورت مثال کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔