خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کشمیری خواتین اور نوجوانوں کی جرات، ہمت اور استقلال کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری خواتین اپنے بنیادی حقوق کی جدوجہد میں فرنٹ لائن پر کھڑی ہیں اور ظلم و جبر کے باوجود پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔
یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے خلاف تشدد، جبر اور خوف کے ہتھکنڈوں کے ذریعے آواز دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم کشمیری خواتین نے ثابت کیا ہے کہ وہ دنیا کی طویل ترین مزاحمتی تحریک میں نہ صرف شامل ہیں بلکہ قائدانہ کردار بھی ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین اور نوجوانوں کی قربانیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں اور پاکستانی نوجوان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں عالمی سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
خاتونِ اوّل کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور دیرپا حل نہیں مل جاتا۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیری خواتین کی جدوجہد نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں مزاحمت، وقار اور حوصلے کی علامت بن چکی ہے، اور یہ جدوجہد ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔