پنجاب میں بدترین سیلاب، پنجاب پولیس کے بروقت اقدامات سے سیکڑوں جانیں بچ گئیں

پنجاب میں بدترین سیلاب، پنجاب پولیس کے بروقت اقدامات سے سیکڑوں جانیں بچ گئیں

ویب ڈیسک کے مطابق پنجاب میں دریائے راوی، ستلج اور چناب کی طغیانی کے باعث بدترین سیلاب آیا، تاہم پنجاب پولیس کے بروقت اقدامات سے سیکڑوں افراد کی جانیں محفوظ رہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر تمام متعلقہ محکمے متحرک رہے۔ ساہیوال میں ریسکیو کے لیے ڈرون سرویلنس کا استعمال کیا گیا اور مضافاتی علاقوں میں متاثرین کی تلاش کے لیے بھی ڈرونز استعمال کیے گئے، جس سے سیلابی ریلے میں گھرے متعدد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ شیخوپورہ میں بروقت بند باندھنے کے اقدامات سے جانیں اور مال محفوظ رہے۔ حکومتی اقدامات کی بدولت درجنوں گاؤں، سیکڑوں مویشی اور زرعی زمینیں سیلاب سے محفوظ رہیں۔ فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپس میں متاثرین کی بھرپور داد رسی جاری رہی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں بہادر خواتین افسران بھی شامل ہیں، جو سیلاب متاثرین اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ اب تک پنجاب پولیس نے مجموعی طور پر 90,700 سے زائد سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جن میں 38,130 مرد، 27,418 خواتین اور 25,176 بچے شامل ہیں۔

سیلاب زدہ علاقوں میں 82,200 سے زائد مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔ لاہور میں اب تک 5,000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، اور اس کام کے لیے پنجاب پولیس کی 700 سے زائد گاڑیاں اور 40 کشتیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔آئی جی پنجاب نے سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرہ افراد کے انخلا، ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرہ افراد کو مکمل سکیورٹی، خوراک اور ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ دریاؤں کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں پولیس کی پٹرولنگ بھی بڑھا دی گئی ہے۔