نائیجیریا کی ریاست نیگر کے شہر موکوا میں گزشتہ ہفتے آنے والے شدید سیلاب نے تباہی مچا دی ہے جس میں ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے اور سینکڑوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انسانی ہمدردی کے کمشنر نے تصدیق کی ہے کہ پانی میں بہہ جانے والے کئی افراد کی تلاش جاری ہے اور لاشیں برآمد ہونے کی صورت میں ہلاکتوں کی تعداد 2024 کے سیلاب سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔موکوا کے رہائشی احمد سلیمان نے بتایا کہ نیگر اسٹیٹ میں اب تک 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور مقامی لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں ہیں، لیکن واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق سیلاب کا پانی مسلسل بڑھ رہا ہے، ریلوے لائنیں متاثر ہو چکی ہیں اور کئی دیہات مکمل طور پر زیرِ آب آ چکے ہیں۔ سیلاب کی بڑی وجہ ناقص نکاسی آب کا نظام اور کچے گھروں کی تعمیر کو قرار دیا جا رہا ہے۔
رضا کاروں اور ایمرجنسی ٹیموں نے دریائے نیگر سے درجنوں لاشیں نکالی ہیں جو موکوا سے تقریباً 10 کلومیٹر دور برآمد ہوئی ہیں۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کو امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ انہیں ابھی تک کوئی سرکاری مدد نہیں ملی۔نائیجیرین میٹرولوجیکل ایجنسی نے ملک کی 36 میں سے 15 ریاستوں میں مزید سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے تاکہ ممکنہ تباہی سے بچاؤ کے اقدامات کیے جا سکیں۔ حالات انتہائی نازک ہیں اور ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔