چین میں تباہ کن سیلاب، سیکڑوں زہریلے سانپ اور مگر مچھ آبادیوں میں پہنچ گئے

چین میں تباہ کن سیلاب، سیکڑوں زہریلے سانپ اور مگر مچھ آبادیوں میں پہنچ گئے

چین میں طوفان میساک کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں جانی نقصان کے ساتھ ساتھ سیکڑوں زہریلے سانپ اور کئی مگر مچھ سیلابی پانی کے ساتھ شہری آبادیوں میں داخل ہو گئے، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی چین کے شہر ہینگژو سمیت متعدد علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات پیش آئے اور اب تک 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق سیلاب کے باعث متعدد جانوروں کے فارمز کی حفاظتی دیواریں گر گئیں، جس سے تقریباً 900 سانپ فرار ہوگئے۔ ان میں سے کئی زہریلے سانپ رہائشی علاقوں میں داخل ہو گئے، جبکہ کئی مگر مچھ بھی سیلابی پانی میں تیرتے ہوئے دیکھے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زہریلے سانپوں کے کاٹنے کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جن میں اب تک ایک خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں سانپوں کو سیلابی پانی اور گھروں کے اندر رینگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ مگر مچھ اور بڑی تعداد میں بطخیں بھی پانی میں بہتی نظر آ رہی ہیں۔دوسری جانب سیلابی پانی چڑیا گھر میں داخل ہونے کے باعث کئی جانور بھی اپنے باڑوں سے نکل گئے، جن میں دو زیبرے، ایک کوہان بیل، تین چھوٹے قد کے گھوڑے اور دو گدھے شامل ہیں۔ حکام جانوروں کی تلاش اور شہریوں کی حفاظت کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔