پنجاب میں مون سون کی بارشیں 65 جانیں لے گئیں، 43 ہزار ایکڑ رقبہ متاثر

پنجاب میں مون سون کی بارشیں 65 جانیں لے گئیں، 43 ہزار ایکڑ رقبہ متاثر

پنجاب میں رواں سال مون سون سیزن اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں سب سے زیادہ 1505 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں 1316، سیالکوٹ میں 1256 اور گوجرانوالہ میں 1161 ملی میٹر بارش ہوئی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ریکارڈ بارشوں کے باوجود کم وقت میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔ رواں سال پنجاب کو کسی دریا میں بڑے سیلاب کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تاہم شیخوپورہ کے نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔سیلابی صورتحال کے باعث 83 موضع جات اور 43 ہزار 188 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا، جبکہ 1215 گھر بھی متاثر ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریاؤں، ڈیمز اور بیراجز کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 65 شہری جاں بحق اور 382 زخمی ہوئے، جبکہ 224 مکانات متاثر اور 21 مویشی ہلاک ہوئے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں پی ڈی ایم اے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔