پاکستان میں بارش کا نیا سپیل، کئی علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

پاکستان میں بارش کا نیا سپیل، کئی علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

میٹیرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی تازہ پیش گوئی کے مطابق ملک میں بارش کا نیا سپیل شروع ہو چکا ہے، تاہم ہفتے کے روز زیادہ تر علاقوں میں دن کے وقت بارش کا امکان کم اور موسم قدرے گرم رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں آج رات بارش کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی اور بالائی پنجاب میں بھی رات کے وقت بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔موسلادھار بارشوں کے باعث دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

 اسی طرح اسلام آباد/راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، ڈیرہ غازی خان اور قریبی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم گرم اور جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔میٹ ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں اور متعلقہ حکام کو خبردار کیا ہے کہ وہ موسم کی موجودہ صورتحال سے متعلق احتیاطی اقدامات کریں اور طغیانی یا لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کو نظرانداز نہ کریں۔