خیبر پختونخوا میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

خیبر پختونخوا میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔

 اس سلسلے میں متعلقہ اداروں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں مطلع ابر آلود ہے اور بارش کا سلسلہ فی الحال تھم چکا ہے۔ تاہم صوبے میں بارشوں کا سلسلہ 4 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور میں 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 96 فیصد نوٹ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ادارے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں جبکہ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔