پنجاب بھر میں تیز بارشوں کا امکان، نشیبی علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ — پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب بھر میں تیز بارشوں کا امکان، نشیبی علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ — پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک: ترجمان پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے متعدد شہروں میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور آندھی کے باعث نشیبی علاقوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

بارش سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقے
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور سمیت دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ جن شہروں میں تیز بارش اور آندھی متوقع ہے، ان میں شامل ہیں:

لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور
جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ
ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین، ڈی جی خان
مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
ترجمان کا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس سے سیاحوں اور مقامی آبادی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

الرٹ جاری، عملہ تیار
صوبائی کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ اضلاع کو ہدایت دی ہے کہ عملہ اور مشینری کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے۔واسا اور بلدیاتی اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی ہرگز جمع نہ ہونے دیا جائے، اور افسران فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کریں۔
شہریوں کے لیے ہدایات
سیاحوں اور مسافروں کو پیشگوئی کی مدت کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مخدوش اور کچے مکانات میں رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، درختوں، نالوں اور کھلے وائرز سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایمرجنسی رابطہ
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔