محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث الرٹ جاری کر دیا ہے۔
کے پی اور بلوچستان میں آج سے یکم جنوری تک بارشوں کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج سے 2 جنوری تک بادل برسنے کی توقع ہے۔ لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور گردونواح میں بارش متوقع ہے۔ کراچی میں موسمِ سرما کی پہلی بارش 30 دسمبر کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق آج رات سے یکم جنوری کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش ہو سکتی ہے، جبکہ قلعہ سیف اللہ، نوشکی، چاغی، ہرنائی، بارکھان، سبی اور لورالائی میں بھی بارش متوقع ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ موسیٰ خیل، دکی، گوادر، حب، لسبیلہ، کیچ، آواران، پنجگور، خضدار، قلات، مستونگ، کچھی، واشک، خاران، سوراب، ژوب اور شیرانی میں بھی بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کوئٹہ، زیارت، قلات، پشین اور شمالی اضلاع کے پہاڑوں پر برفباری بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔