خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کا خطرہ، ندی نالوں میں فلیش فلڈ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان

خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کا خطرہ، ندی نالوں میں فلیش فلڈ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان

خیبر پختونخوا میں موسم کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث محکمہ موسمیات نے 1 سے 4 اپریل کے دوران شدید بارشوں کی وارننگ جاری کی ہے۔

 ان موسمی حالات کے نتیجے میں مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان بھی موجود ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے ساتھ تیز بارش کے دوران کمزور ڈھانچوں، جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دوران سفر خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
متاثرہ اضلاع اور علاقوں کی فہرست:

شمالی اور وسطی خیبر پختونخوا: چترال، دیر بالا و زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان بالا و زیریں
جنوبی اور قبائلی علاقے: خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کوہاٹ، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، ڈی آئی خان
دیگر اضلاع میں: کولائی پالس، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ
متوقع موسمی اثرات:

تیز ہوائیں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش
بلند پہاڑوں پر برفباری
بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش
حالیہ بارشیں اور درجہ حرارت:

ڈیرہ اسماعیل خان: 21 ملی میٹر بارش، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30°C
پاراچنار: 17 ملی میٹر بارش
بنوں: 9 ملی میٹر بارش
کالام: کم سے کم درجہ حرارت 4°C
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہریوں کو اپنے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا چاہیے اور موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنی چاہیے تاکہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔