مون سون بارشوں کے 11ویں سپیل کے آغاز کے ساتھ ہی ایبٹ آباد میں طوفانی بارش کے باعث توحید آباد، چھانگا گلی، ایوبیہ سمیت مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 19 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی ہے اور بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
لاہور: آسمان پر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کے باعث درجہ حرارت 29 ڈگری موجودہ اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی 75 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، اور ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ آج شہر میں 40 فیصد تک بارش کا امکان ہے۔
کراچی: مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، ہلکی بارش اور بوندا باندی ممکن ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ، زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری، ہوا جنوب مغرب کی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، ہوا میں نمی 70 فیصد سے زائد ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح: مطلع جزوی ابرآلود، رات کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔
بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پوٹھوہار ریجن میں بھی تیز بارش متوقع ہے۔
چترال: شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال، متعدد شاہراہیں بند، انتظامیہ متاثرہ علاقوں سے ملبہ ہٹانے میں مصروف۔
کراچی کے مختلف علاقوں جیسے شارع فیصل، گلشن اقبال، اور ڈرگ روڈ پر بوندا باندی دیکھی گئی۔
پنجاب کے اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں سے بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔