اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں میں ادارہ جاتی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں 11 سے 12 نومبر کو منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سپیکر قومی اسمبلی کو کانفرنس کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا اور بتایا کہ 45 سے زائد ممالک کے نمائندے اس کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں خطے میں امن، ترقی، موسمیاتی چیلنجز اور دیگر عالمی مسائل زیر بحث آئیں گے۔اس موقع پر سپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ یہ کانفرنس پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے اور قومی اسمبلی اس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرے گی۔ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے چیئرمین سینیٹ کے بھائی سید تنویر الحسن گیلانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا