اسلام آباد(آئی این پی ) چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے اپنی اپنی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ خود کیا۔نجی ٹی وی کی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافہ سینیٹ کی ہائوس فنانس کمیٹی نے کیا، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ قومی اسمبلی کی ہا ئوس فنانس کمیٹی نے کیا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے چند ماہ قبل سینیٹ کی ہائوس فنانس کمیٹی اجلاس کی صدارت کی،سردارایاز صادق نے چند ماہ قبل قومی اسمبلی کی ہاوس فنانس کمیٹی اجلاس کی صدارت کی،دونوں الگ الگ اجلاس میں 4افراد کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ خاموشی سے کیاگیا۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع کا مزید کہنا ہے حکومت کا قومی اسمبلی و سینیٹ کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، حکومت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو بجٹ فراہم کرتی ہے،اس بجٹ کے استعمال میں قومی اسمبلی اور سینیٹ خودمختار ہیں،وزیراعظم قانون کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے۔