بے روزگاری، معیشت اور موسمیاتی تبدیلی ہمارا مسئلہ ہے، ہمیں ہر تین سے چار ماہ بعد آپس میں بیٹھنے کی ضرورت ہے، کشمیر ہمارے دل کے بہت قریب ہے:سپیکرقومی اسمبلی
ہم علاقائی سیاست کی جانب تیزی سے جا رہے ہیں، ملک کو اکٹھا رکھنے کیلئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے،سپیکرپنجاب اسمبلی ‘ ہرچیزکا حل پارلیمنٹ میں ہی ہو سکتا ہے:سپیکر سندھ اسمبلی
سیاسی لوگوں نے قانون کی حکمرانی کیلئے راستے بنانے ہیں:سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی‘ہم نے مل کر مسائل خود حل کرنے ہیں‘پاکستان امن کیلئے کردار ادا کرے گا :سپیکر بلوچستان اسمبلی کا خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے پہلے کچھ غلط ہوگیا تو اب اسے درست کیا جائے گا،سب سے مشکل کام اسپیکرز کا ہوتا ہے، پروڈکشن آرڈرز کا مسئلہ بہت اہم ہوتا ہے،بے روزگاری، معیشت اور موسمیاتی تبدیلی ہمارا مسئلہ ہے، ہمیں ہر تین سے چار ماہ بعد آپس میں بیٹھنے کی ضرورت ہے، کشمیر ہمارے دل کے بہت قریب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 18ویں اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں سپیکرز کانفرنس کے تمام شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، ایک طویل تعطل کے بعد اٹھارویں اسپیکرز کانفرنس کا انعقاد میرے لیے باعث اعزاز ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سب سے مشکل کام اسپیکرز کا ہوتا ہے، اگر حکومت کو وقت زیادہ ملے تو اپوزیشن ناراض، اگر اپوزیشن کو وقت زیادہ دیدیا جائے تو حکومت ناراض ہو جاتی ہے، اگلی نشستوں کو زیادہ وقت ملے تو بیک بینچرز ناراض ہو جاتے ہیں۔ایاز صادق نے کہا کہ پروڈکشن آرڈرز کا مسئلہ بھی بہت اہم ہوتا ہے، البتہ ایک بات طے ہے کہ اگر پہلے کچھ غلط ہوگیا تو اب اسے درست کیا جائے گا‘سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی، سینیٹ، تمام صوبائی اسمبلیوں کے سیکریٹریز پر ایک ایسوسی ایشن بنانے کی تجویز دے دی‘کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا 18ویں ترمیم پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، ہم علاقائی سیاست کی جانب تیزی سے جا رہے ہیں، ملک کو اکٹھا رکھنے کے لیے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ کانفرنس سے اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کانفرنس کے 10 سال بعد انعقاد پر سردار ایاز صادق مبارک باد کے مستحق ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا فورم ہے کہ جس سے ہم پارلیمان کو مستحکم کرسکتے ہیں، پارلیمان کوئی بلڈنگ معنی نہیں رکھتی بلکہ اس سے میں بیٹھے قانون سازوں کو با اختیار اور ٹیکنالوجیز سے روشناس کرائیں، ہر چیز کا حل ہے اور اس کا حل پارلیمنٹ میں ہی ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ اگر ایک جگہ بیٹھ کر بات کرلیں، پالیسی بنائیں اور اسے ایکٹ بنائیں تو کچھ بھی ناممکن نہیں‘سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب اسپیکرز کانفرنس کے انعقاد پر ایاز صادق کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ جرگہ ہمارے نظام کا حصہ ہے، ہم آئین کو ایک مقدس کتاب سمجھتے ہیں ، سیاسی لوگوں نے قانون کی حکمرانی کیلئے راستے بنانے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں ہم سب نے قوانین پر عمل درآمد کا سفر طے کرنا ہے، قانون ساز اداروں کے مابین رابطے جمہوریت کا حسن ہے، ہمیں ملک کی بقا کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہو گا۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے کہا میں تمام اسپیکرز اور مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں، بلوچستان کی تمام سیاسی قیادت اور عوام اس بات پر متفق ہیں کہ بلوچستان میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان نے پوری دنیا میں امن میں اہم کردار ادا کرنا ہے، ہم سب نے مل کر اپنے مسائل خود حل کرنے ہیں، سب سے پہلے ہم نے خود کو ٹھیک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اسپیکرز قومی اسمبلی اور ان کی ٹیم کا کامیاب اسپیکرز کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔