روس کا یوکرین پر فضائی حملہ، بچوںسمیت18 افراد ہلاک

 کیف،لندن (آئی این پی )روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور دیگر شہروں پر رات بھر شدید فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔یوکرینی حکام کے مطابق مرنے والوں میں 2، 14 اور 17 سال کی عمر کے بچے بھی شامل ہیں۔ حملے کے دوران یورپی یونین مشن اور برٹش کونسل کی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں، جس پر یورپی یونین اور برطانیہ نے اپنے دارالحکومتوں میں روسی سفیروں کو طلب کرلیا ہے۔یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے ایک ہی رات میں 598 ڈرونز اور 31 میزائل داغے۔ فضائیہ کے ترجمان یوری اِہنات نے اسے یوکرین پر ہونے والے سب سے بڑے حملوں میں سے ایک قرار دیا۔روس کی وزارتِ دفاع نے دعوی کیا ہے کہ ان حملوں میں یوکرین کے فوجی صنعتی اداروں اور فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یہ حملہ شہریوں کا دانستہ قتل عام ہے۔