غزہ : اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری، 60 فلسطینی شہید

بھوک کی شدت سے دوبچوں سمیت مزید 4  فلسطینی انتقال کر گئے 
 اسرائیلی فوج کے مقبوضہ مغربی کنارے پر چھاپوں میں ایک درجن افراد گرفتار 
غزہ،نیویارک (آئی این پی )غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری تھمنے کا نام نہیں لے رہی، تازہ حملوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔غزہ کے اسپتالوں کے ذرائع کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں اب تک اسرائیلی فوج کے حملوں میں 61 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ان شہدا میں 19 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔ادھر اسرائیل کی جانب سے جبالیا میں ایک اسکول کے قریب حملہ کیا گیا جس میں کم از کم 5 افراد شہید ہوئے۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں بھوک کی شدت سے مزید 4  فلسطینی انتقال کر گئے جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ جس کے بعد اسرائیل کے مسلط کردہ قحط سے اموات کی تعداد317  ہو گئی۔دوسر ی جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے مارے ہیں اور ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں صحافی، کارکن اور رہا ہونے والے قیدی شامل ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکڑوں ملازمین نے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ کو خط میں غزہ میں قتل عام کو نسل کشی قرار دینے کا مطالبہ کیا۔