اسرائیلی فوج کے غزہ پر وحشیانہ حملے: مزید 55 فلسطینی شہید،شمالی غزہ سے انخلاء کا حکم

بمباری پناہ گزین کیمپوں، سکولوں، ہسپتالوں اور مارکیٹوں پر کی گئی،غزہ کا 90 فیصد حصہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا، اقوام متحدہ کا ہولناک انکشاف
 غزہ(آئی این پی) اسرائیلی فوج نے غزہ پر وحشیانہ حملے کرکے 24گھنٹوں کے دوران مزید 55فلسطینیوں کو شہید کردیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپوں، سکولوں، ہسپتالوں اور مارکیٹوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک روز میں مزید 55فلسطینی شہید ہوگئے ۔ ادھر شمالی غزہ سے ایک بار پھر بے گھر فلسطینیوں کو انخلاء کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔دوسری جانب بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں 90 فیصد سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس سے لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ادارے نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر غزہ میں داخلے کے راستے فوری طور پر کھولے تاکہ پناہ گاہی امداد متاثرہ افراد تک پہنچائی جا سکے۔