اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور امریکہ کے مابین بارڈر سیکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی ایک اور ملاقات میں ہوا ، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ امور، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان کو امریکا میں مطلوب شہریوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی جب کہ بارڈر سیکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔قائم مقام امریکی سفیر نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین سے ہمدردی ظاہر کی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا بیان خوش آئند ہے۔ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں تیل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں