اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں، ہر ممکن سہولت دیں گے(مریم نواز)

وزیر اعلیٰ مریم نوازسے ا طالوی سفیرماریلنا ارمیلن کی ملاقات ، اٹلی کی چکوال میں زیتون کی کاشت مزید بڑھا نے کی پیش کش
 تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت، لائیو سٹاک اور ڈیر ی پراجیکٹ میں اٹالین انویسٹمنٹ پر اتفاق 

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے اٹلی کی سفیرماریلنا ارمیلن نے ملاقات کی۔ اٹلی کی سفیرماریلنا ارمیلن لاہوریوں کی زندہ دلی اور میزبانی کی معترف ہوگئیں۔ ملاقات کے دوران اٹلی کی چکوال میں زیتون کی کاشت مزید بڑھا نے کی پیش کش کی گئی اورپنجاب میں لائیو سٹاک و ڈیر ی پراجیکٹ میں اٹالین انویسٹمنٹ پر اتفاق کیا گیا۔ اطالوی سفیر نے پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے عوامی فلاحی پراجیکٹس کو متاثر کن قرار دیا ۔ ملاقات میں سیاحت،ٹیکسٹائل،لیدر،ماربل،کارپٹس اوردیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کے حوالے سے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے باہمی ربط کو سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔ اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں، ہر ممکن سہولت دیں گے۔ پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید اشتراک کار بڑھانا چاہتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ تجارت بڑھانے کے لئے ورک ویزا میں آسانی اور ٹریڈ کمیشن کا فعال کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔اطالوی سفیر نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر لاہور آنا بہت اچھا لگا۔ منفی امیج کے جھوٹے پروپیگنڈے کے بالکل برعکس پاکستان شاندار ملک ہے۔ باہمی تجارت بڑھانے کے لئے ٹریڈ کمیشن نے کام کا آغاز کر دیا ہے،ورک ویزا میں آسانی لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ثقافت،سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔