وزیراعظم کے مشیر سے چینی وفد کی ملاقات ، توانائی،شہری ترقی میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال ہوا
اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے چین کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کی کوششوں کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چینی شینگ تانگ گروپ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور 10 ملین ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چینی وفد کی ملاقات میں صنعتی ترقی، بنیادی ڈھانچے، الیکٹرک وہیکلز، ریلوے، توانائی، سیاحت اور شہری ترقی سمیت مختلف شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے چین کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کے وڑن کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروبار دوست ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرا رہی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے