صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کچے کے عوام کو بھی پنجاب کے دیگر شہریوں کی طرح بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ نادرا کی ٹیمیں کچے کے علاقوں میں بھجوا دی گئی ہیں تاکہ وہاں کے رہائشیوں کی رجسٹریشن، شناختی دستاویزات اور دیگر ضروری امور کو آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مختلف شعبوں میں ترقیاتی کام کر رہی ہے اور اب کچے کے پسماندہ علاقوں کو بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔عظمیٰ بخاری کے مطابق ماضی میں کچے کے علاقوں میں اغواء اور ڈاکوؤں کی سرگرمیاں معمول بن چکی تھیں، تاہم حکومت نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان علاقوں کو جرائم پیشہ عناصر سے بڑی حد تک پاک کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے آج کچے کے لیے جامع ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی ہے، جس کے تحت طلبہ کے لیے خصوصی کوٹہ رکھا جائے گا جبکہ ہنر مند خواتین کو بھی روزگار اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد کچے کے عوام کو ترقی، تحفظ اور بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔