اسلام آباد: اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرلیا۔
ذرائع کے مطابق تینوں قیدیوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے درخواستیں دائر کی ہیں، جنہیں عدالت کی جانب سے الگ الگ نمبر بھی الاٹ کردیئے گئے ہیں۔درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں بھی وہی طبی سہولیات فراہم کی جائیں جو بانی پی ٹی آئی کو دستیاب ہیں۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک کی ضمانت دیتا ہے، جبکہ سپریم کورٹ کا متعلقہ حکم تاحال نافذالعمل ہے۔درخواست کے مطابق سپریم کورٹ نے 18 اگست کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، لہٰذا درخواست گزاروں کا علاج بھی شفا انٹرنیشنل سے کرانے کا حکم دیا جائے۔
تینوں قیدیوں نے مزید استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں انہیں بھی بانی پی ٹی آئی کی طرز پر واٹس ایپ کے ذریعے بیرون ملک موجود افراد سے بات چیت کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر تینوں اپیلوں کو الگ الگ نمبر الاٹ کردیئے ہیں۔ پہلی اپیل کو 2050/2026، دوسری کو 2051/2026 جبکہ تیسری اپیل کو 2052/2026 نمبر دیا گیا ہے۔