صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں بسنت کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور حکومت شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار تفریح فراہم کرنے کے لیے مکمل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خود بسنت کے حوالے سے حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر عوام کو آگاہ کریں گی۔ لاہور کے ہر کونے میں ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اندرون شہر خستہ حال عمارتوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پتنگوں کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات کے پیش نظر مزید چار اضلاع میں پتنگ سازی کی اجازت دی گئی ہے تاکہ طلب اور رسد کا فرق ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بسنت کا سامان جلد سستا ہو جائے گا اور شہری خوشی خوشی تہوار منا سکیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر اس بار بسنت کامیابی سے منائی گئی تو اگلے سال پورے پنجاب میں بسنت منانے کا منصوبہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بسنت سے 8 سے 10 صنعتوں کو روزگار ملا ہے اور گزشتہ دو دنوں میں 34 کروڑ روپے کی پتنگیں فروخت ہو چکی ہیں۔ حکومت کا مقصد ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔