بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک 17 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر اپنے بوائے فرینڈ اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی ماں کو قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ اپنے شوہر کی وفات کے بعد 45 لاکھ روپے کی رقم اور سرکاری نوکری کی حقدار تھیں، جس کے لیے ان کی بیٹی بھی نامزد تھی۔بتایا گیا ہے کہ لڑکی اکثر اپنی والدہ کے اکاؤنٹ سے رقم نکال کر اپنے 20 سالہ بوائے فرینڈ کو دیتی تھی، تاہم ماں کی جانب سے اس پر پابندی لگانے کے بعد تنازع شدت اختیار کر گیا۔پولیس کے مطابق اسی رنجش کے باعث لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ نے مبینہ طور پر ماں کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا تاکہ مالی فوائد اور جائیداد حاصل کی جا سکے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 24 اپریل کی رات لڑکی نے اپنے بوائے فرینڈ اور اس کے تین دوستوں کے ساتھ مل کر خاتون کا مبینہ طور پر تکیے سے گلا گھونٹ کر قتل کیا۔ واردات کے دوران مزاحمت پر مقتولہ کی گردن پر گہرا زخم بھی آیا۔
قتل کے بعد لاش کو گھر میں فریزر میں رکھا گیا جبکہ بعض اشیاء کو قریبی درخت کے پاس چھپانے کی کوشش کی گئی۔ اگلے روز لڑکی نے رشتے داروں کو بتایا کہ اس کی والدہ باتھ روم میں گر کر جاں بحق ہو گئی ہیں۔تاہم گردن پر مشکوک زخم دیکھ کر رشتے داروں نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ رپورٹ کے بعد کیس نے نیا رخ اختیار کیا۔پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں لڑکی نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔