بھارت میں فون نمبر بلاک کرنے کے تنازع پر گرل فرینڈ کے ہاتھوں بوائے فرینڈ کے قتل کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے علاقے بلاس پور میں ایک نوجوان لڑکی نے مبینہ طور پر بحث کے دوران اپنے بوائے فرینڈ کو چاقو مار کر قتل کر دیا۔ واقعہ گزشتہ سہ پہر پیش آیا، جس نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔پولیس کے مطابق 25 سالہ کمتا پرساد سوریاونشی کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے اور ایک مقامی ہوٹل میں ملازمت کرتے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کی 22 سالہ روشننی سوریاونشی سے چھ ماہ قبل انسٹاگرام پر دوستی ہوئی تھی، جو بعد ازاں محبت میں بدل گئی۔تحقیقات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران اس وقت کشیدگی میں اضافہ ہوا جب کمتا نے روشننی سے رابطہ منقطع کر دیا اور اس کا فون نمبر اور پیغامات بلاک کر دیے۔ مشتعل ہو کر اور اس شبہے میں مبتلا ہو کر کہ کمتا کسی اور لڑکی سے دوستی کر رہا ہے، روشننی چاقو لے کر اس کے گھر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق دروازہ کھلتے ہی روشننی نے کمتا سے موبائل فون کا مطالبہ کیا۔ انکار پر دونوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا، جس کے دوران روشننی نے مبینہ طور پر کمتا کے سینے میں چاقو گھونپ دیا۔مقتول کے روم میٹ نے شور سن کر باہر آ کر دیکھا تو کمتا فرش پر خون میں لت پت پڑا تھا۔ کمتا کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔پولیس افسر کے مطابق ملزمہ کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتول بی جے پی رہنما اور ضلع پنچایت کے صدر راجیش سوریاونشی کا بھتیجا تھا۔ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ چاقو صرف ڈرانے کے لیے لائی تھی۔ پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔