بھارتی ریاست راجستھان میں اپنی والدہ کے مبینہ قتل کے الزام میں گرفتار قانون کی طالبہ آیوشی شرما پر اب اپنے والد کی موت میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آیوشی کے ماموں راکیش شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بھانجی گزشتہ سال اپنے والد وجے شرما کی موت میں بھی کردار ادا کر چکی ہے۔پولیس کے مطابق آیوشی ایل ایل بی کے آخری سال کی طالبہ ہے۔ الزام ہے کہ اس نے اپنی والدہ نیرج شرما کے قتل کے لیے اپنے کزن بلرام کی مدد سے مبینہ طور پر 7 لاکھ بھارتی روپے کے عوض پانچ کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کیں۔ منصوبہ یہ تھا کہ قتل کو سڑک حادثہ ظاہر کیا جائے۔تحقیقات کے دوران پولیس کو شبہ ہوا کہ آیوشی اپنی والدہ کی سرکاری ملازمت ہمدردانہ بنیادوں پر حاصل کرنا چاہتی تھی اور خاندانی جائیداد پر بھی اس کی نظر تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق نیرج شرما جے پور کی ایک عدالت میں کلرک تھیں۔ انہوں نے اپنے شوہر وجے شرما، جو عدالت میں کورٹ ماسٹر تھے، کی وفات کے بعد ہمدردانہ بنیادوں پر ملازمت حاصل کی تھی۔ وجے شرما گزشتہ سال طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔آیوشی کے ماموں راکیش شرما کا الزام ہے کہ دماغی فالج کے بعد آیوشی اور بلرام وجے شرما کو ایک نامعلوم اسپتال لے گئے تھے اور تقریباً تین ماہ تک خاندان کو ان کے علاج سے لاعلم رکھا۔ ان کے بقول جب بعد میں اہلِ خانہ انہیں دوسرے اسپتال لے گئے تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے کئی اعضاء ناکارہ ہو چکے تھے۔
راکیش شرما نے مزید الزام عائد کیا کہ آیوشی نے اپنے والد کی خوراک کی نالی (فیڈنگ ٹیوب) نکال دی تھی، جس کے بعد ان کی موت واقع ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس الزام کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔پولیس کے مطابق نیرج شرما 3 جولائی کو اپنے چھوٹے بیٹے کو کوچنگ سینٹر چھوڑ کر واپس آ رہی تھیں کہ ایک تیز رفتار اسکارپیو گاڑی نے انہیں کچل دیا۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان ایک ماہ قبل بھی انہیں قتل کرنے کی کوشش کر چکے تھے، تاہم ٹریفک زیادہ ہونے کے باعث ناکام رہے۔پولیس نے اس مقدمے میں پانچ مبینہ کرائے کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ آیوشی کے کزن بلرام کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق آیوشی، بلرام اور بلرام کے والد موہن مبینہ سازش کے مرکزی کردار ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں خاندانی جائیداد آپس میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ آیوشی پہلے بھی اپنی والدہ پر حملہ کر چکی تھی اور کچھ عرصہ اپنے چچا موہن اور کزن بلرام کے ساتھ رہتی رہی، جبکہ آیوشی اور بلرام کے درمیان قریبی تعلقات ہونے کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں