بھارتی ریاست آسام کے شہر سلچر میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 7 افراد نے چاقو کی نوک پر 28 سالہ خاتون کو اس کے بوائے فرینڈ کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
یہ واقعہ 19 فروری کو پیش آیا، جس کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ کم از کم 7 افراد نے ایک ایک کر کے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور پھر اسے 10 ہزار روپے ایک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے پر مجبور کیا۔ اس واقعے کے وقت، اس کے اہل خانہ کے مطابق وہ اور اس کا بوائے فرینڈ سلچر شہر سے چند کلومیٹر دور بائی پاس روڈ پر ایک کار میں موجود تھے، کہ اچانک ایک گروپ نمودار ہوا۔ ان افراد نے گاڑی سے دونوں کو باہر نکالا اور چاقو کی نوک پر خاتون کے بوائے فرینڈ کے سامنے اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔پولیس کے مطابق، متاثرہ خاتون نے دو ملزمان کی شناخت کی ہے، جنہیں گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ ان ملزمان کی شناخت 25 سالہ نیلوتپل داس اور 27 سالہ سبول داس کے طور پر ہوئی ہے، جو دونوں سلچر شہر کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا گیا ہے اور اس کا بیان بھی ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ اس واقعہ کے خلاف شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور ہزاروں مقامی افراد نے سوشل میڈیا پر اپنی آواز بلند کی ہے، جس میں ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی شامل ہے۔