بھارت کی ریاست بہار میں ایک خاتون کو اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر شوہر کے مبینہ قتل کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے میں ملوث ایک مبینہ کرائے کے قاتل کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیو کمار گنجن ریاست بہار میں محکمہ بجلی میں بطور ٹیکنیشن خدمات انجام دے رہا تھا۔ وہ ٹرین کے ذریعے اپنی اہلیہ سمیتا کماری سے ملنے جا رہا تھا کہ کھگڑیا ضلع کے علاقے بدلا گھاٹ کے قریب اسے گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔پولیس کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول کی اہلیہ سمیتا کماری، جو سپول میں موٹر وہیکل انسپکٹر کے طور پر تعینات ہے، کا اجیت کمار نامی شخص کے ساتھ مبینہ تعلق تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں مقتول کو اپنے تعلقات کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے تھے۔تحقیقات کے مطابق خاتون اور اس کے مبینہ بوائے فرینڈ نے شوہر کو قتل کرانے کے لیے راجو کمار نامی ایک مبینہ کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کیں، جس نے ٹرین میں دیو کمار گنجن کو گولی مار کر قتل کیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون، اس کے مبینہ ساتھی اور مبینہ شوٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ راجو کمار کا مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے اور وہ اس سے قبل ایک مقدمے میں جیل جا چکا ہے۔حکام کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔