پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ کی حالیہ وائرل ویڈیو پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے انتہائی نامناسب اور شرمناک قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں رجب بٹ کو ایک ریسٹورنٹ میں کھانے کی ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں ان کے پیچھے بیٹھی ایک فیملی واضح طور پر غیر آرام دہ صورتحال میں نظر آتی ہے۔ ویڈیو میں ایک خاتون کو کیمرے سے اپنا چہرہ چھپاتے اور رخ موڑتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل کو نجی زندگی میں مداخلت اور نامناسب رویہ قرار دیا ہے۔حنا پرویز بٹ نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) بیان میں کہا کہ یہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کے مطابق کچھ افراد بغیر کسی لحاظ کے جہاں چاہیں کیمرہ نکال کر ویڈیوز بنانا شروع کر دیتے ہیں، اس بات کی پرواہ کیے بغیر کہ آس پاس موجود لوگ خاص طور پر فیملیز غیر آرام دہ صورتحال میں ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ایسے رویے رکھنے والے افراد کو بعض لوگ ہیرو سمجھتے ہیں۔
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رجب بٹ پہلے ہی مختلف قانونی اور ذاتی تنازعات کے باعث خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی گزشتہ برسوں میں کئی تبدیلیاں سامنے آ چکی ہیں۔ 2024 میں ان کی شادی ایمان فاطمہ سے ہوئی تھی، جو بعد ازاں 2025 میں طلاق پر ختم ہو گئی۔ دونوں کے ہاں ستمبر 2025 میں بیٹے کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔رجب بٹ نے مارچ 2026 میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے طلاق کے کاغذات بھیج دیے ہیں۔