بھارتی بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے والے واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعلیٰ سے عوامی سطح پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
راکھی ساونت نے اپنے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ نتیش کمار نے یہ کیا کر دکھایا؟ آپ ایک مسلم خاتون کو بلا کر ایوارڈ دے کر ان کی عزت افزائی کر رہے ہیں، مگر پھر ان کے نقاب کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کرنا بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو مسلم ثقافت اور مذہبی رسوم کے بارے میں کم از کم بنیادی علم ہونا چاہیے، کیونکہ اسلام خواتین کو نقاب پہننے کی اجازت دیتا ہے اور کسی کو بھی یہ حق نہیں کہ ان کے نقاب کو چھوئے۔اداکارہ نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ اگر کسی نے آپ کی دھوتی کھینچ دی تو آپ کیسا محسوس کریں گے؟ اسی طرح، آپ کو اس مسلم خاتون سے معافی مانگنی چاہیے اور میڈیا کے سامنے اسے بہن کہہ کر عزت دلانی چاہیے۔ راکھی ساونت نے کہا کہ وہ نتیش کمار کی عزت کرتی ہیں اور بہار کی عزت بھی اہم ہے، لیکن عورتوں کے ساتھ بے عزتی اور نقاب یا برقعے کے ساتھ کھیلنا ناقابل قبول ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعلیٰ کو “جیو اور جینے دو” کے اصول کے مطابق، اس مسلم خاتون سے معافی طلب کرنی چاہیے اور عوامی سطح پر اس غلطی کو درست کرنا چاہیے۔