چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے فضا علی کی شوہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حنا پرویز بٹ نے اپنی پوسٹ میں فضا علی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ٹی وی چینلز کو کیا ہو گیا ہے؟ خاتون اینکر کو جاننا چاہیے کہ یہ ان کا گھر نہیں ہے جہاں وہ جو چاہیں کر سکتی ہیں۔ یہ حرکتیں ان کے لیے مناسب اور قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ٹی وی پر بیٹھ کر ایسی حرکتیں کرنا ان کے لیے زیب نہیں دیتا اور یہ انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ پیمرا کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ حنا پرويز بٹ نے اس حرکت کو غیر اخلاقی اور شرمناک قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کا طرزِ عمل نابالغ بچوں کے سامنے گھر میں بھی دہرانا غیر اخلاقی ہے اور اسے کروڑوں ناظرین کے سامنے دکھانا قابلِ اعتراض ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑوں کو اچھے اخلاق اور وضع داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ بچے اور نوجوان کچھ بہتر سیکھ سکیں۔ حنا پرویز بٹ نے آخر میں کہا کہ غیر اخلاقی اور بچکانہ حرکتیں نوجوان نسل کے ذہنوں پر برا اثر ڈالتی ہیں، اور ہمیں سمجھنا چاہیے کہ آج کل کی نوجوان نسل کیوں اخلاقی گراوٹ کا شکار ہو رہی ہے۔