میڈرڈ اوپن: حیرت انگیز شکست، پوٹاپووا کی تاریخ ساز جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی

میڈرڈ اوپن: حیرت انگیز شکست، پوٹاپووا کی تاریخ ساز جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی

میڈرڈ اوپن میں آسٹریا کی ٹینس کھلاڑی اناستاسیا پوٹاپووا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے اور ڈبلیو ٹی اے 1000 ایونٹ کی سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ’لکی لوزر‘ کھلاڑی بن گئی ہیں۔

پوٹاپووا کو ابتدائی کوالیفائنگ مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم مرکزی ڈرا میں ایک کھلاڑی کے دستبردار ہونے کے باعث انہیں دوبارہ موقع ملا، جس سے انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔کوارٹر فائنل میں 25 سالہ کھلاڑی نے سابق عالمی نمبر ایک کیرولینا پلسکووا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-6، 7-6 اور 6-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اس سے قبل وہ فرنچ اوپن کی سابق چیمپئن جیلینا اوسٹاپینکو اور عالمی نمبر دو ایلینا ریباکینا کو بھی اپ سیٹ شکست دے چکی ہیں۔میچ کا آغاز پوٹاپووا نے شاندار انداز میں کیا اور پہلا سیٹ صرف 24 منٹ میں اپنے نام کیا۔

دوسرے سیٹ میں انہیں تین میچ پوائنٹس بھی ملے، تاہم پلسکووا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔فیصلہ کن سیٹ میں پلسکووا نے ابتدا میں برتری حاصل کی، مگر پوٹاپووا نے غیر معمولی واپسی کرتے ہوئے مسلسل پانچ گیمز جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔کامیابی کے بعد پوٹاپووا جذباتی ہو گئیں اور کہا کہ انہیں اس مرحلے تک پہنچنے کی امید نہیں تھی۔ اب سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ یوکرین کی مارٹا کوستیوک سے ہوگا۔