آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کی سیمی فائنل میں رسائی کا دارومدار آج انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچ کے نتیجے پر ہے۔
اگر انگلینڈ بڑے مارجن سے جنوبی افریقہ کو شکست دیتا ہے تو افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے، لیکن یہ ایک مشکل صورتحال ہے۔
افغانستان کے امکانات کم، مگر امید باقی
گزشتہ روز بارش کے باعث افغانستان اور آسٹریلیا کا میچ منسوخ ہوگیا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ اس نتیجے کے بعد آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جبکہ افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں کمزور پڑ گئیں۔
افغانستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی واحد صورت
اگر افغانستان کو سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگا۔ مثال کے طور پر، اگر انگلینڈ 301 رنز کا ہدف دیتا ہے تو اسے جنوبی افریقہ کو 207 رنز سے شکست دینی ہوگی، تاکہ جنوبی افریقا کا نیٹ رن ریٹ افغانستان سے کم ہوجائے۔ یہ ایک انتہائی مشکل ہدف ہے، لیکن یہی افغانستان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کی آخری امید ہے۔
بارش کی صورت میں افغانستان آؤٹ ہوجائے گا
اگر انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ ہوتا ہے تو جنوبی افریقہ کو ایک پوائنٹ مل جائے گا، جس سے وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا، اور افغانستان کا سفر یہیں ختم ہوجائے گا۔
گروپ اے سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں
گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ اب گروپ بی سے آسٹریلیا کی کوالیفکیشن کے بعد جنوبی افریقہ یا افغانستان میں سے کسی ایک کو سیمی فائنل میں جگہ ملے گی، جس کا فیصلہ آج ہونے والے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچ سے ہوگا۔