ایرانی ہیکرز نے امریکی بحریہ کی حساس معلومات افشا کردیں

ایرانی ہیکرز نے امریکی بحریہ کی حساس معلومات افشا کردیں

خلیجِ فارس میں مبینہ طور پر سرگرم سائبر گروپ ’’ہنڈالا‘‘ نے امریکی فوجیوں سے متعلق حساس معلومات لیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد خطے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہنڈالا نامی گروپ نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے خلیجِ فارس میں تعینات 2 ہزار 379 امریکی فوجیوں کے نام اور ذاتی تفصیلات شائع کی ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سائبر گروپ کی جانب سے یہ کارروائی مبینہ طور پر اپنی تکنیکی صلاحیت کے اظہار کے طور پر کی گئی ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق ہنڈالا کو ایران سے منسلک ایک سائبر گروپ سمجھا جاتا ہے، تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔عراقی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد خطے میں موجود امریکی فوجیوں کو واٹس ایپ پر دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں، جن میں انہیں مبینہ طور پر خبردار کیا گیا ہے کہ ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

ہنڈالا گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس امریکی فوجیوں کی مزید حساس معلومات بھی موجود ہیں، جن میں ان کے اہل خانہ کی تفصیلات، رہائشی پتے اور روزمرہ نقل و حرکت سے متعلق ڈیٹا شامل ہو سکتا ہے، اور انہیں بھی منظرِ عام پر لایا جا سکتا ہے۔اس پیش رفت کے بعد امریکی سکیورٹی اداروں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ متعلقہ حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا واقعی فوجیوں کے آپریشنل ڈیٹا تک رسائی حاصل کی گئی ہے اور اس کے ممکنہ سکیورٹی اثرات کیا ہو سکتے ہیں۔