امریکی بجٹ کٹوتیوں سے سی آئی اے کے حساس راز افشا ہونے کا خدشہ

امریکی بجٹ کٹوتیوں سے سی آئی اے کے حساس راز افشا ہونے کا خدشہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سرکاری بجٹ میں کی جانے والی کٹوتیوں کے باعث سی آئی اے کے حساس رازوں کے افشا ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فروری کے آغاز میں وائٹ ہاؤس کو ایک ای میل موصول ہوئی تھی، جس میں ممکنہ برطرفیوں کے لیے کچھ سی آئی اے افسران کے نام شامل تھے۔ اب سی آئی اے اس خدشے کا جائزہ لے رہی ہے کہ کہیں یہ ای میل خفیہ ایجنٹس کی شناخت کے افشا ہونے کا سبب تو نہیں بنی۔سی آئی اے کی اعلیٰ قیادت اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق، اگر بڑے پیمانے پر برطرفیاں ہوئیں تو یہ ایک ناراض سابق ملازمین کا گروپ تشکیل دے سکتی ہیں، جو حساس معلومات غیر ملکی ایجنسیوں یا ہیکرز کو فروخت کرنے پر آمادہ ہوسکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چین اور روس جیسی غیر ملکی خفیہ ایجنسیاں ان ناراض یا مالی مشکلات کے شکار سی آئی اے ملازمین کو بھرتی کر سکتی ہیں، جو امریکی سیکیورٹی کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔ صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے امریکی انٹیلی جنس حکام مختلف اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔