ایران جنگ کے دوران حساس معلومات لیک ہونے کی تحقیقات، 50 امریکی اہلکاروں کے پولی گراف ٹیسٹ

ایران جنگ کے دوران حساس معلومات لیک ہونے کی تحقیقات، 50 امریکی اہلکاروں کے پولی گراف ٹیسٹ

ایران جنگ کے دوران امریکی فوج کے اسلحہ ذخائر سے متعلق حساس معلومات میڈیا کو لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے امریکی حکام نے تقریباً 50 فوجی افسران اور سویلین اہلکاروں کے پولی گراف ٹیسٹ کیے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کے جوائنٹ اسٹاف سے وابستہ اہلکاروں سے اگست میں پوچھ گچھ کی گئی اور ان کے پولی گراف ٹیسٹ بھی لیے گئے۔تحقیقات کا مرکز طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور پیٹریاٹ انٹرسیپٹرز سمیت اہم امریکی جنگی ذخائر میں کمی سے متعلق معلومات کے مبینہ اخراج پر ہے۔رپورٹس کے مطابق جن اہلکاروں کے پولی گراف ٹیسٹ کیے گئے، ان میں سے کسی کے بارے میں بھی ایسا نتیجہ سامنے نہیں آیا جس سے مبینہ لیک کے ذمہ دار شخص کی واضح شناخت ہوسکے۔

امریکی محکمہ دفاع نے مخصوص اہلکاروں یا تحقیقات کی تفصیلات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم حساس اور خفیہ معلومات کے افشا کو قومی سلامتی کے لیے انتہائی سنجیدہ معاملہ قرار دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان لیکس پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، جبکہ پینٹاگون کی جانب سے حساس معلومات کے اخراج کے ذمہ داروں کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔