امریکہ کے حساس اداروں پر چینی ہیکرز کا سائبر حملہ

امریکہ کے حساس اداروں پر چینی ہیکرز کا سائبر حملہ

امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے چینی ہیکنگ آپریشن کو ناکام بنا دیا ہے، جس کا مقصد محکمہ انصاف، ناسا، فیڈرل ریزرو، سینیٹ اور دیگر حساس سرکاری اداروں میں مداخلت کرنا تھا۔

 خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، امریکی محکمہ انصاف نے دو ہیکنگ پلیٹ فارمز، QScan اور QTRouter، کے زیر استعمال ڈومینز کو ضبط کر لیا ہے، جو اس مہم کا حصہ تھے۔محکمہ کے مطابق یہ پلیٹ فارمز چین کی ایک کمپنی، Nanjing Xinjiuwei نیٹ ورک ٹیکنالوجی کمپنی، کے ذریعے چلائی جا رہی تھیں، جس کے کلائنٹس میں چین کی سویلین انٹیلی جنس ایجنسی، منسٹری آف اسٹیٹ سیکیورٹی اور پیپلز لبریشن آرمی شامل ہیں۔ امریکی حکام کے حلف نامے میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز کے نشانے میں محکمہ توانائی، محکمہ صحت اور انسانی خدمات، قومی ادارہ صحت، اور امریکہ و جنوبی کوریا کی چار نامعلوم کمپنیاں بھی شامل تھیں۔

دوسری جانب، واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے کہا ہے کہ وہ محکمہ انصاف کے بیان میں دی گئی تفصیلات سے واقف نہیں ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ چینی حکومت قانون کے مطابق سائبر حملوں کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور ان کا مقابلہ کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ امریکہ سائبر سیکیورٹی کے مسائل کو چین کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔