بجٹ میں ہم بڑی چیزیں لے کر آئیں گے,وزیرِ اعظم شہباز شریف

بجٹ میں ہم بڑی چیزیں لے کر آئیں گے,وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور بڑے معاشی اقدامات شامل کیے جائیں گے، جبکہ ’’وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم‘‘ کے تحت ہاؤسنگ قرضوں کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ ’’وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس منصوبے کا باضابطہ اجرا کیا، جس کے تحت شہریوں کو ایک کروڑ روپے تک کا قرضہ آسان اور سہل شرائط پر فراہم کیا جائے گا۔یہ اسکیم چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یکساں طور پر نافذ ہوگی، جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو اپنا گھر بنانے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو آج بھی اپنے گھر کی سہولت سے محروم ہیں، اور عوام کو چھت فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری اور ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ابتدائی ہدف 50 ہزار گھروں کی تعمیر ہے جبکہ اس پروگرام کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے۔ آئندہ چار برسوں میں اس منصوبے کے تحت 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم کے مطابق اس اسکیم کا مجموعی حجم 3.2 کھرب روپے تک پہنچے گا، جبکہ 10 مرلے تک کے پلاٹ پر گھر تعمیر کرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس منصوبے کی پیش رفت کا خود ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو بینک اس اسکیم میں فعال کردار ادا کریں گے انہیں خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا اور 14 اگست کو ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ تعمیراتی صنعت، کاروبار اور روزگار کے مواقع میں اضافے کا باعث بنے گا اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔