صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت

صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت

ویب ڈیسک:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 12 پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مادرِ وطن کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

 صدر زرداری نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور شہداء کے لیے بلندیٔ درجات کی دعا کی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے بھی اظہارِ افسوس کیا اور ان کے لیے صبر کی دعا کی۔دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 6 ارکان کو جہنم واصل کیا اور اس عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔