شہری ٹریفک قوانین کا احترام کریں: سی ٹی اوسید عبدالرحیم شیرازی

 خواتین اور بزرگ شہریوں کو معمولی خلاف ورزیوں پر نرمی ،وارننگ دی جائے گی
لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فیصل چوک میں ٹریفک انفورسمنٹ مہم کے سلسلے میں ٹریفک والنٹیئرز اور ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے ہمراہ شرکت کی اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا عملی مظاہرہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں میں قوانین کی پاسداری کا شعور اجاگرکرنا ہے تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ خواتین اور بزرگ شہریوں کو معمولی خلاف ورزیوں پر نرمی برتتے ہوئے وارننگ دی جائے، تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر بلا امتیاز فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے لین لائن کی خلاف ورزی کو حادثات اور ٹریفک میں خلل کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے رہبر اسکواڈز فیلڈ میں متحرک ہیں اور مختلف مقامات پر آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ سموگ کے تدارک کے لیے بھی ٹریفک پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بغیر ترپال ریت اور مٹی سے بھری ٹرالیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کے داخلے کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس اور والنٹیئرز نے شہریوں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔