عبدالرحیم شیرازی کا میثاق ، لائسنسنگ سینٹر اور ڈرائیونگ سکول کا دورہ

 لاہور (کرائم رپورٹر ) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے میثاق سینٹر، لائسنسنگ سینٹر اور ڈرائیونگ سکول کاہنہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف شعبہ جات، سہولیات اور جاری امور کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ماڈل ٹاؤن سرکل بالخصوص کاہنہ سیکٹر کی کارکردگی کا بھی معائنہ کیاسی ٹی او لاہور نے مہلک ٹریفک حادثات کی شرح میں اضافے اور مؤثر انفورسمنٹ نہ ہونے پر ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن سے سخت استفسار کیا اور ہدایت جاری کی کہ ون وے کی خلاف ورزی، غلط ٹرن، بغیر لائسنس ڈرائیونگ، اوور اسپیڈنگ اور لین لائن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔دورے کے دوران سی ٹی او لاہور نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے بہترین سہولیات اور پرسکون ماحول کی فراہمی پر سی ٹی او لاہور کا شکریہ ادا کیااس موقع پر سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کرپشن کے خلاف دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کو صرف معطل نہیں بلکہ سیدھا نوکری سے برخاست کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام لائسنسنگ سنٹرز میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ کرپشن، بدعنوانی اور فرائض میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔سی ٹی او لاہور نے تمام ڈرائیونگ سنٹرز میں خواتین اور سینئر سٹیزنز کو ترجیحی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک افسران فیلڈ اور دفاتر میں شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں تاکہ عوام کو بہترین اور بروقت خدمات میسر آسکیں۔