سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا لائسنسنگ اینڈ ڈرائیونگ سکول کا دورہ

لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے گریٹر اقبال پارک لائسنسنگ اینڈ ڈرائیونگ سکول کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ڈرائیونگ ٹیسٹ کے مختلف مراحل اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔سی ٹی او لاہور نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور سہولیات کے معیار سے متعلق استفسار کیا۔ ایک شہری کی شکایت پر انہوں نے انچارج خدمت مرکز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے عملے کو فوری بہتری کی ہدایات دیں۔اس موقع پر سید عبدالرحیم شیرازی نے کرپشن کے خلاف دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کو صرف معطل نہیں بلکہ نوکری سے برخاست کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام لائسنسنگ سنٹرز میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ کرپشن، بدعنوانی، غفلت اور کام میں سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام ڈرائیونگ سنٹرز میں خواتین اور سینئر سٹیزنز کو ترجیحی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔مزید برآں، انہوں نے ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے آنے والے تمام شہریوں کی ٹیسٹنگ ویڈیوز محفوظ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے شفافیت میں مزید بہتری آئے گی۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹریفک افسران شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور بہترین سروس ڈیلیوری کو یقینی بنائیں۔