سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی سے میاں رحمن عزیز چن ، تاجر وفد کی ملاقات

ملاقات کے دوران تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خلاف مشترکہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہورسید عبدالرحیم شیرازی سے میاں رحمن عزیز چن کی زیرِ قیادت تاجر وفد نے ملاقات کی، جس میں شہر کی مختلف مارکیٹوں میں ٹریفک مسائل، تجاوزات اور پارکنگ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ملاقات میں تاجر رہنماؤں چوہدری نوید ایوب، شیخ فیصل ندیم، عمر آصف، محمد اکرم، عاصم رفیق اور سالک اشفاق نے شرکت کی، جبکہ شاہ عالم مارکیٹ، برانڈرتھ روڈ، اعظم مارکیٹ اور فیروزپور روڈ کے تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تاجر وفد نے سی ٹی او لاہور کی جانب سے ماڈل روڈز پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور مہلک حادثات کی شرح میں کمی پر اظہارِ تشکر کیا۔ اجلاس میں شہر کی مختلف مارکیٹوں میں ٹریفک کے مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر غور کیا گیاملاقات کے دوران تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خلاف مشترکہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ مارکیٹوں میں ٹریفک کے بہتر بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک افسران اور تاجروں پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے پر بھی اتفاق ہواسی ٹی او لاہور نے کہا کہ مارکیٹوں میں ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تاجروں کو پارکنگ کے بہتر انتظام کیلئے بلیو اینڈ وائٹ بیریئرز اور ییلو لائنز لگوانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ تاجروں کے تعاون کے بغیر ٹریفک مسائل کا مستقل حل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘محفوظ پنجاب، محفوظ روڈز’’ کے ویڑن کو کامیاب بنانے کیلئے تاجر برادری کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور سازگار کاروباری ماحول کے ساتھ مارکیٹوں میں سامان کی باآسانی ترسیل اولین ترجیح ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق تاجروں کے مسائل کے ممکنہ حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔سی ٹی او لاہورسید عبدالرحیم شیرازی نے اس بات پر زور دیا کہ رانگ پارکنگ، بے جا تجاوزات، تھڑے اور ٹھیلے ٹریفک جام کی بڑی وجوہات ہیں، جن کے خاتمے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔