زیر التوا کیسزکو جلد نمٹایا جائے انصاف میں تاخیر نہ ہو:شہزادہ سلطان

لاہور(کرائم رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن برانچ پنجاب شہزادہ سلطان کی ہدایت پر زیر التوا مقدمات کے بروقت فیصلے اور تفتیشی عمل کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔اسی سلسلے میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب شعیب خرم جانباز کی زیر صدارت سٹینڈنگ ریویو بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن بشریٰ نثار، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن حبیب اللہ، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن رانا محمد ارحم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تبدیلیِ تفتیش سے متعلق 14 مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مقامی پولیس،ڈسٹرکٹ انویسٹی گیشن برانچ اور RIB کے تفتیشی افسران کو بھی سنا گیا اور ہر کیس پر میرٹ کی بنیاد پر غور کیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی شہزادہ سلطان کا کہنا تھا کہ مقدمات کی شفاف اور بروقت تفتیش کو یقینی بنانے کے لیے سٹینڈنگ ریویو بورڈ کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تبدیلیِ تفتیش سے متعلق تمام زیر التوا کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے تاکہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔