لاہور(کرائم رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن برانچ پنجاب شہزادہ سلطان کی ہدایت پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب شعیب خرم جانباز کی زیر صدارت سٹینڈنگ ریویو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تبدیلی تفتیش سے متعلق 9 مقدمات زیر بحث آئے۔اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن خرم شہزاد، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن حبیب اللہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سٹینڈنگ ریویو بورڈ کے سامنے مقامی پولیس، ڈسٹرکٹ انویسٹی گیشن برانچ اور ریجنل انویسٹی گیشن برانچ (RIB) کے تفتیشی افسران پیش ہوئے اور مقدمات سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا۔اجلاس کے دوران تبدیلی تفتیش کے لیے پیش کیے گئے 9 مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ تفتیشی افسران کو سنا گیا۔ بورڈ نے مقدمات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے میرٹ اور حقائق کی روشنی میں کارروائی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن برانچ پنجاب شہزادہ سلطان نے کہا کہ مقدمات کی تبدیلی تفتیش کے لیے باقاعدگی سے سٹینڈنگ ریویو بورڈز کا انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تبدیلی تفتیش سے متعلق تمام زیر التوا کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تفتیش کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور قانون کے تقاضوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔