ٹک ٹاکر اسد اسحاق ’’سد ریپر‘‘ کے گھر نقب زنی ،گینگ گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے معروف ٹک ٹاکر اسد اسحاق المعروف ‘‘سد ریپر’’ کے گھر نقب زنی کے کیس سمیت ڈی ایچ اے فیز 9، بیدیاں روڈ اور تھانہ ہیر کے علاقوں میں ہونے والی تین وارداتوں کو ٹریس کرتے ہوئے 4 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان میں سرغنہ ابراہیم عرف اے بی، علی حمزہ، محمد ساجد اور آسیہ بی بی شامل ہیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے تھانہ ہیر کے علاقے میں مزید دو چوری کی وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تقریباً مکمل مالِ مسروقہ برآمد کر لیا گیا ہے، جس میں ایپل لیپ ٹاپ، کیمرہ، جیولری، پرفیومز، قیمتی کپڑے اور دیگر اشیاء￿  شامل ہیں۔تحقیقات کے مطابق ملزمان خالی گھروں کی ریکی کر کے دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوتے تھے اور چوری شدہ سامان لاہور سے قصور اور نور پور نہر کے اطراف منتقل کیا جاتا تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ گینگ کو سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی شواہد، خفیہ اطلاعات اور فیلڈ ورک کی مدد سے ٹریس کیا گیا جبکہ پیشہ ورانہ حکمت عملی اور مسلسل چھاپوں کے ذریعے گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ مزید سہولت کاروں اور چوری شدہ مال خریدنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب  سڈ ریپر نے ملزمان کی گرفتاری پر لاہور پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کی قیادت اور کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم، ایس ایچ او ہیر اور دیگر پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔