لاہور (کرائم رپورٹر) داتا دربار پولیس نے نقب زنی کی وارداتوں میں مطلوب دو رکنی متحرک گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان دکان کی چھت میں سوراخ کرکے اندر داخل ہوئے اور تجوری سے 10 لاکھ روپے سے زائد نقدی چوری کرکے فرار ہو گئے تھے۔ واردات کے بعد ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی، جس میں انہیں واردات کرکے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا تھا۔ ایس ایچ او داتا دربار رحمان خاور نے ٹیم کے ہمراہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ نقد رقم، موٹر سائیکل اور نقب زنی میں استعمال ہونے والے آلات برآمد کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت افضال اور شاہ رخ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے ایس ایچ او داتا دربار اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔